پاکستان، سعودی عرب کا مضبوط شراکت داری قائم کرنے اور اقتصادی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

8

 

اسلام آباد، 16اپریل ( اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری  سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی منگل کے روز ایوانِ صدر میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کا مضبوط شراکت داری قائم کرنے ، اقتصادی تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ ہوا۔ملاقات میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ اور دہائیوں پرانے تعلقات ہیں، اور پاکستان سعودی عرب کے ساتھ موجودہ تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی اور اقتصادی شراکت داری میں بدلنا چاہتا ہے۔

صدر مملکت نے پاکستانی حکومت کی طرف سے عوام خادمین حرمین شریفین کیلئے احترام اور نیک خواہشات کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا  رہے گا، کیونکہ اسلامی دنیا کی خوشحالی سعودی عرب کی ترقی سے وابستہ ہے۔صدر مملکت نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت اور ویژن 2030 کے تحت ہونے والی قابل ذکر پیش رفت کو بھی سراہا۔

ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری قائم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔فریقین نے علاقائی صورتحال ، مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر ، دو طرفہ اہمیت کے امور اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا، اسکے علاوہ دونوں ممالک نے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے پر زور دیا۔

ملاقات میں سعودی وزراء برائے پانی و زراعت، صنعت و معدنی وسائل، سرمایہ کاری، سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ اور وزارت توانائی اور سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزارئے خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر نجکاری اور سرمایہ کاری بورڈعبدالعلیم خان، وزیر پیٹرولیم اور آبی وسائل مصدق مسعود ملک، وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔