اسلام آباد،23 اپریل(اے پی پی):حج 2024 کے دوران پاکستانی حجاج کرام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزارت مذہبی امور کی جانب سے متعدد نئے اقدام لیے گئے ہیں جبکہ ملک بھر میں ملٹی میڈیا پریزنٹیشن کے ذریعے عازمین حج کی جامع تربیت کا دوسرا مرحلہ اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق اس سال تمام سرکاری عازمین حج کو روانگی سے قبل دو بیگ، سکارف، احرام بیلٹ، شوز بیگ اور ڈیٹا سم کی فراہمی کے علاوہ تمام عازمین حج کو مشائر ٹرین کی سہولت ملنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے ۔
مدینہ منورہ میں تمام حجاج کو مسجد نبوی ﷺ کے نزدیک مرکزیہ میں رہائش فراہم کی جائے گی جبکہ بہترین معاونین حج کے انتخاب کیلئے اس سال پہلی مرتبہ ایک ٹیسٹنگ سروس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ ڈاکٹرز اور طبی عملہ کی تعیناتی کیلئے بھی ٹیسٹنگ سروس کی خدمات حاصل کی گئیں۔
معاونینِ حجاج کی 550 سیٹوں کیلئے 47 ہزار امیدوار تحریری امتحان میں شریک ہوئے۔ حج میڈیکل مشن کی 400 سیٹوں کیلئے 9 ہزار ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے تحریری امتحان دیا۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق علاقائی کوٹہ اور کیٹگری کے لحاظ سے میرٹ پر تقرری کو یقینی بنایا گیا۔ حج پالیسی کے مطابق سول اور یونیفارم افسران اور عملہ کے نئے اور تجربہ کار معاونین کا الگ میرٹ رکھا گیا۔ انتخاب کیلئے امیدواروں کے نفسیاتی رجحان، بنیادی ذہانت ، حج / آئی ٹی معلومات اور جسمانی فٹنس کے الگ نمبر رکھے گئے۔