کوئٹہ، یکم اپریل(اے پی پی) سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبد الخالق اچکزئی نے کہا ہے پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ ایک گلدستہ کی مانند ہیں، تمام مذاہب کے لوگ پاکستان کی ترقی، خوشحالی ،امن اورسلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر میتھوڈسٹ چرچ میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے ایک ڈائیلاگ اور افطار ڈنر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی سکالرز اور مختلف عقائد کی کمیونٹیز کے رہنما خطے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے مشترکہ مشن میں متحد ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کودرپیش مسائل اور بحران سے نکالنے کے لئے تمام سیاسی مذہبی رہنماوں کو بھر پور کردار ادا کرنا چاہے ، انہوں نے افطار ڈنر کے انعقاد میں بی آر ایس پی، پی پی اے ایف اور میتھوڈسٹ چرچ کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے امن کے پیغام کو فرودغ دینا ہوگا ۔
اسپیکر صوبائی اسمبلی (ر) عبدالخالق اچکزئی نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ اس تقریب کے دوران پروان چڑھنے والے اتحاد اور افہام و تفہیم کے جذبے کو آگے بڑھائیں کہ وہ مل کر بلوچستان میں خوشحال اور جامع معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔
تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر طاہر رشید نے حاضرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے افہام و تفہیم کو فروغ دینے کے لیے مختلف اسٹیک ہولڈرز بشمول سرکاری اداروں، عطیہ دینے والی تنظیموں جیسے PPAF مذہبی رہنماوں، سول سوسائٹیز اور میڈیا کی مشترکہ کوششوں پر روشنی ڈالی۔
اتحاد ڈاکٹر رشید نے کہا کہ امن اور ہمدردی رواداری کو فروغ دیتے ہوئے ثقافتی اور مذہبی تفریق کو ختم کیا جا سکتا ہے، انہوں نے اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اس طرح کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ادا کیے جانے والے اہم کردار پر زور دیا، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے سی ای او نادر گل نے تعلیم کے فروغ، انتہا پسندانہ نظریات کا مقابلہ کرنے اور سماجی انصاف اور مساوات کی وکالت کرنے میں مذہبی سکالرز کے نمایاں کردار پر روشنی ڈالی۔
تقریب سے بلوچستان اسمبلی کے رکن صوبائی اسمبلی میر ظہور بلیدی مولانا انوار الحق حقانی ڈاکٹر اناد کمار بھاٹیہ اور ریورنڈ سائمن بحر نے بھی خطاب کیا۔