وفاقی، صوبائی حکومتوں کی مربوط حکمت عملی کے سبب پی پی آر بیماری کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر

29

اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ  وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے مربوط حکمت عملی کے سبب  پی پی آر بیماری کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے اس بیماری کے خاتمے کے لیے قومی پروگرام شروع کیا ہے۔اس پروگرام کے تحت  بھیڑوں اور بکریوں کو مفت ویکسینیشن کی جاتی ہے۔ بھیڑوں اور بکریوں کی پیداوار لاکھوں دیہی خاندانوں کو روزی روٹی فراہم کرتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے 2028 تک پی پی آر کو ختم کرنے کے لیے عالمی معاہدے پر دستخط کر رکھے ہیں۔سال 2022-24 میں وفاقی حکومت نے پی پی آر ویکسینز کی 31.35 ملین خوراکیں صوبوں کو  فراہم کیں ہیں۔اس کے علاوہ وی آر آئی لاہور صوبہ پنجاب کے لیے ویکسین کی سالانہ تقریباً 20 ملین خوراکیں تیار کرتا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ صوبائی محکمہ لائیو سٹاک کی ویکسینیشن ٹیمیں گاؤں گاؤں ویکسینیشن مہم میں مصروف ہیں ۔