پی ڈی ایم اے کا اجلاس ، مون سون بارشوں اور فلڈ پلان 25-2024 کا جائزہ لیا گیا

26

لاہور، 2 اپریل ( اے پی پی ):  سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اے پنجاب کی ورکنگ اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ مون سون بارشوں اور فلڈ پلان 25-2024 کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ریلیف کمشنر  پنجاب نبیل جاوید کو پی ڈی ایم اے کی ورکنگ پر بریفنگ دی۔

 اجلاس میں ریسکیو آپریشن کے لئے ضروری سامان کی خریداری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال میں ریسکیو آپریشن کےلئے درکار مشینری و آلات موجود ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا  ریسکیو آلات کی خریداری پر بھی بریفنگ دی۔ ریسکیو اداروں کو تمام تر ضروری سامان بلاتاخیر فراہم کیا جائے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا کہنا تھا کہ معیاری سامان ارزاں نرخوں پر خریدنے کے لیے پوری جانچ کی جائے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے پی ڈی ایم اے کو تمام تر اقدامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب، کووڈ، ڈینگی، قحط سالی سموگ اور ہیٹ ویو سمیت تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم الرٹ ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو شدید موسمی تغیر کا سامنا ہے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کا مزید کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری بروقت ہونی چاہئے۔ موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے خطرات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے آئندہ اجلاس رواں ہفتے بلانے کی ہدایات بھی کیں۔