چنیوٹ،09 اپریل(اے پی پی ): عید الفطر کے موقع پر شہریوں کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہی ، خریداری کرنےکے لئے شہریوں نےبازاروں اور مارکیٹوں کا رخ کر لیا ہے، بازاروں میں گہما گہمی عروج پر ہے،شہری جوق در جوق خریداری کرنے میں مصروف ہیں۔
عید کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لئے ہر کوئی اپنے پسندیدہ کپڑے جوتےاور دیگر اشیاء کی خریداری کرنے میں مصروف ہے۔ خریداری کرنے والوں میں سب سے زیادہ خواتین شامل ہیں جو کہ نت نئے ملبوسات، جیولری، مہندی، میک اپ، جوتے، چوڑیاں وغیرہ کی خریداری کرنے میں بہت مصروف دیکھائی دیتی ہیں۔بچے بھی کسی سے کم نہیں، بچے بھی عید الفطر کے حوالے سے اپنی پسند کی خریداری کر رہے ہیں۔
کچھ خواتین و حضرات مہنگائی کا شکوہ بھی کرتے دکھائی دے دہے ہیں لیکن عیدالفطر کی خریداری بھی ضروری ہے، ہر کوئی عیدالفطر کے موقع پر خوبصورت نظر آنا چاہتا ہے، لوگ اپنی بساط کے مطابق عیدالفطر کی خریداری کر رہے ہیں تاکہ اس مذہبی تہوار کو عقیدت احترام اور خوشی سے منائے۔