ڈاکٹر ملک مختار احمد کا  بیرون ملک پاکستانی میڈیکل طلباء کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی ہدایت  

48

اسلام آباد، یکم  اپریل(اے پی پی ): وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پی ایم ڈی سی کو طبی تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی میڈیکل طلباء کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز و کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد کی زیر صدارت پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی ) کا  اجلاس  منعقد ہوا ۔صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی )نے اپنی آرگنائزیشن کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔

 ڈاکٹر ملک مختار احمد نے پی ایم ڈی سی کو ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن (ڈبلیو ایف ایم ای) کے ساتھ ایکریڈیٹیشن پر مبارکباد دی ۔ اس ایکریڈیٹیشن نے پاکستانی گریجویٹس کو دوسرے ممالک میں ڈبلیو ایف ایم ای کے رکگنایز اداروں میں تربیت اور پریکٹس کرنے کےلئے اہل بنا دیا ہے۔

وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے پی ایم ڈی سی کو  دوسرے ممالک کے مریضوں کو پاکستان میں علاج کے لئے راغب کرنے کے لئے پاکستان میں غیر ملکی ڈاکٹروں کے عارضی قیام کی سہولت کے لئے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔