کامسٹیک کا فلسطین کے لیے مزید پانچ ہزار فیلوشپس کا اعلان، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی افتتاحی تقریب میں شرکت

11

اسلام آباد۔2اپریل  (اے پی پی):کامسٹیک نے ایپسپ اور کامسٹیک کنشورشیئم کی ممبر یونیورسٹیوں کے تعاون سے فلسطین پروگرام کے دوسرے مرحلے کا منگل کو اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی مہمان خصوصی کی حیثیت سے افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ کامسٹیک فلسطین پروگرام کے پہلے مرحلے میں سائنس و ٹیکنالوجی، صحت اور زراعت کے مختلف شعبوں میں 500 فیلوشپس کا اعلان کیا گیا تھا۔

 انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں ایپسپ اور کامسٹیک کنسورشیئم کی ممبر یونیورسٹیوں نےپانچ ہزار فیلو شپس دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میگا پروگرام کا اعلان او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی طرف سے بھی جلد جدہ میں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے فلسطینی عوام کی بے حساب مصائب اور حالیہ نسل کشی انسانی اقدار اور عالمی اصولوں کے خاتمے کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا فلسطین میں مظالم کو روکنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مجھے اس بروقت اور اہم ترین اقدام کا آغاز کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے جو کہ فلسطینی بھائیوں کے لئے پاکستان کی طرف سے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے پاکستان اور دیگر مسلم ممالک کی پارٹنر یونیورسٹیوں کے ساتھ کامسٹیک کے اس بڑے سکالرشپ پروگرام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہمارے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق فلسطین اور پاکستان کے درمیان ہر سطح پر لازم و ملزوم تعلقات کا عکاس ہے۔

انہوں نے کامسٹیک، فلسطینی سفارتی مشن، فلسطینی انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی ، ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان ، او آئی سی جنرل سیکرٹریٹ اور کامسٹیک کنسورشیم کی ممبر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو اجتماعی مشن کے لیے ان کی مشترکہ کوششوں پر مبارکباد دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اس مرکزی کردار کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو کامسٹیک نہ صرف دو طرفہ اور کثیر الجہتی روابط اور تبادلوں کے ذریعے او آئی سی ممالک کی استعداد کار میں اضافے میں ادا کررہا ہے بلکہ پاکستان کی سائنس و ٹیکنالوجی میں بہترین صلاحیتوں کو پیش کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے میں بھی اس کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی قیادت میں شروع کیے گئے بڑے پیمانے پر اقدامات اور پروگراموں کو سراہتے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طہٰ نے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا کہ کامسٹیک اور پاکستان کی نجی شعبے کی جامعات کی ایسوسی ایشن کی سرکردہ رکن یونیورسٹیوں اور اسلام آباد میں ریاست فلسطین کے سفارت خانے کے درمیان یہ تعاون ہمارے عزم میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام فلسطینی عوام کو درپیش چیلنجوں کے درمیان امید کی کرن کی نمائندگی کرتا ہے اور ہم اس مقصد کے لیے کامسٹیک کی غیر متزلزل لگن کو سراہتے ہیں۔

 انہوں نے صلاحیتوں کی تعمیر اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے متعدد سائنسی پروگرام شروع کرنے پر پروفیسر چوہدری کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے او آئی سی کے دیگر رکن ممالک کے اداروں کو دعوت دی کہ وہ اس پروگرام کو وسعت دینے کے لیے کامسٹیک کے ساتھ تعاون کریں اور فلسطینیوں کے لیے برادرانہ تعاون اور مدد کے جذبے کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے اس پروگرام کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جانب سے مجھے پاکستان کی نجی یونیورسٹیوں کے تعاون سے کامسٹیک پروگرام کی اس افتتاحی تقریب میں شامل ہونے پر خوشی اور فخر محسوس ہو رہا ہے جو پانچ ہزار وظائف فلسطینی طلباء کے لیے پیش کر رہی ہے۔