کوئٹہ؛ وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو کا ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس کے ڈائریکٹریٹ کا دورہ

34

کوئٹہ،24 اپریل (اے پی پی ):وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو کی ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس کے ڈائریکٹریٹ آمد ،لیویز کے چاق وچوبند دستے نے وزیر داخلہ کو سلامی دی جبکہ وزیر داخلہ میر ضیاءنےیاد گار شہداءپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر ڈی جی لیویز نصیب اللہ کاکڑ نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا اور محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔

 ڈی جی لیویز نے محکمانہ امور پر بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیویز فورس بلوچستان کے 82فیصد علاقے پرڈیوٹیاں سر انجام دے رہی ہے اور ہمارے فورسز کے جوان ڈیوٹی سر انجام دیتے ہوے جام شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ اس وقت دہشتگردوں سے مقابلہ کرنے کیلئے فورس کو نئے جدت پر استوار کرنے اور اسے مزید ڈسپلن فورس بنانے کی ضرورت ہے، تاکہ یہ صوبے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر پورا اتر سکے۔

ڈی جی لیویز نصیب اللہ کاکڑ  نے مزید بتایا کہ  صوبہ بلوچستان کی لیویز فورس کوئیک رسپانس فورس،انسدادِ دہشت گردی، ڈیجیٹل کمیونیکیشن، پاک چین اقتصادی رہداری (سی پیک) کے منصوبوں، انٹیلی جنس اور تحقیقات کے حوالے سے لیویز فورس کا علیحدہ ونگ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جیسے اہم منصوبوں پر بھی کام کر رہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امن و امان کے حوالے سے ٹاسک دیے ہیں جن کے لیے لیویز و دیگر فورسز کو جدید گاڑیاں،ارمز ایمونیشن ہنگامی بنیادوں پر دی جائے گی تاکہ جدید دور کے مطابق لیویز فورس کو نئے درپیش سیکورٹی چلینجیز کا بخوبی مقابلہ کر سکے۔انہوں نے کہا کہ  عوام کی جان ومال کی حفاظت کیلئے لیویز کو ہمہ وقت ہمیشہ چاق و بند رہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے بہادر فورسز نےجرائم پیشہ افراد اور دہشت گردی کے تدارک کے لیے اپنی جانیں قربان کی ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاءاللہ لانگو کا مزید کہنا تھا کہ نظام کی بہتری کے بغیر امن وامان،سیاسی،معاشی استحکام ممکن نہیں، لیویز فورسز اپنا کام کریں، سیاسی مداخلت نہیں ہوگی ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات دی کہ محکمہ کے ملازمین کے پرموشن کیسز قواعد و ضوابط کے مطابق ایک ہفتے میں مکمل کر کے پروموشن کیلئے بھجوائے جائیں  جبکہ لیویز فورس کو مزید جدید ٹریننگ دی جائے تاکہ ہر صورت فورسز دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے میں کردار ادا کریں۔