پشاور، 12اپریل(اے پی پی): پشاور کے دورہ پر آئے ملائیشین سیاحوں کے وفد کیلئے کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے آج خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے، جنھوں نے پشاور کے تاریخی مسجد مہابت خان اور تحصیل ہیری ٹیج سیٹھی ہاؤس کا بھی دورہ کیا۔
اس مقصد کیلئےکیپٹل سٹی پولیس نے سکیورٹی پلان کے مطابق ٹوریسٹ وفد کیلئے پائلٹ ، سکواڈ ، جیمرز ، بی ڈی یو، سنیفر ڈاگز کیساتھ ساتھ اضافی نفری بھی تعینات کر رکھی تھی اور تمام تر سکیورٹی انتظامات کی نگرانی ایس پی سٹی ڈویژن طیب جان خود کر رہے تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات موثر بنانے کیلئے متعلقہ ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوز اور لوکل پولیس بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پشاور شہر کا ماحول مکمل طور پر پرامن ہے تمام غیر ملکی ٹورسٹ شہر کے تاریخی اور اہم مقامات پر ہر وقت سیر و تفریح کے لئےآکر لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے مزید کہا کہ کیپٹل سٹی پولیس ایام عیدالفطر میں بھی سیاحوں سمیت عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے کوشاں ہیں اور شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پشاور پولیس تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔