اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ و طالبات میں کتب بینی کی عادت کو پروان چڑھائیں جس سے ان میں تحقیق کی جستجو بھی پیدا ہوگی،کمشنر ساہیوال

14

ساہیوال،26 مئی (اے پی پی ):کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ کتاب نوجوان نسل کی ذہنی تربیت اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اساتذہ کو چاہیے کہ وہ طلبہ و طالبات میں کتب بینی کی عادت کو پروان چڑھائیں جس سے ان میں تحقیق کی جستجو بھی پیدا ہوگی۔ انہوں نے یہ بات محکمہ سکول ایجوکیشن کے زیر اہتمام گورنمنٹ کمپری ہنسو ہائر سیکنڈری سکول میں جاری 3روزہ کتاب میلہ کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ سی ای او ایجوکیشن محمد اکرام چوہدری اور ڈی او سیکنڈری خادم حسین موہل بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے ملک کے مشہور پبلشرز کی طرف سے نمائش میں سٹال لگانے کو خوش آئند قرار دیا اور توقع ظاہر کی کہ یہ نمائش نہ صرف اساتذہ اور طلبہ و طالبات بلکہ تمام شہریوں کو بھی اپنی پسند کی کتب خریدنے کا موقع فراہم کرے گی۔انہوں نے شہریوں سے کتاب میلہ میں شرکت کرنے اور کتب سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مختلف سٹالز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں رکھی کتب میں گہری دلچسپی لی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کامیاب کتاب میلہ کے انعقاد پر محکمہ سکول ایجوکیشن کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ اس سے پہلے ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے 3روزہ کتب میلہ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس نمائش کے انعقاد پر سی ای او ایجوکیشن محمد اکرام چوہدری کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ اسے سالانہ بنیادوں پر منعقد کرائے گا تاکہ طلبہ و طالبات اپنی پسند کی کتب خرید سکیں۔ انہوں نے تمام کتب پر50فیصد تک ڈسکاؤنٹ دینے پر پبلشرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔