اسلام آباد،23 مئی(اے پی پی):پاکستان کے نائب مستقل نمائندہ برائے اقوام متحدہ عثمان جدون نے اقوام متحدہ میں ‘فٹ بال کے عالمی دن’ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی، یہ دن اقوام متحدہ میں پہلی بار منایا گیا جس میں کئی ممالک کے مندوبین بھی شریک تھے۔
عثمان جدون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹ بال اقوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم، احترام، رواداری اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے مختلف رکاوٹوں کو ختم کرتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ کھیل متحد کرنے والا کھیل ہے جو مختلف رنگ و نسل کی اقوام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرتا ہے۔
عثمان جدون نے فٹ بال کے کھیل میں پاکستان کے تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں فٹ بال کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں سے ایک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 سے تمام فیفا ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والے آفیشل میچ فٹ بال سیالکوٹ شہر میں تیار کیے گئے ہیں۔