ایس ڈی جیز کے حصول میں نجی شعبے کا اہم کردار ہے؛ احسن اقبال

21

اسلام آباد،16مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی ،اصلاحات وخصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ایس ڈی جیز کے حصول میں نجی شعبے کا اہم کردار پر زور دیتے  ہوئے کہا  ہے کہ  میڈیا عوام تک ایس ڈی جیز کی آگاہی میں اپنا کردار ادا کرے کیونکہ ایس ڈی جیز پر عملدرآمد سے ہی حقیقی اور پائیدار ترقی  کا حصول ممکن ہے ۔

قومی پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے وزارت منصوبہ بندی میں  منعقدہ کانفرنس  سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے سنگل ایجنڈا کو اپنانا ہے،ایسی ترقی کہ ہر شہری ترقی سے خوشحال ہو۔ا نہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کیلئے بہتر ملک چھوڑنا ہے  اور محنت کر کے پاکستان کو 2047 تک دنیا کی پہلی 10معیشتوں میں لا سکتے ہیں۔

  احسن اقبال  نے کہا کہ ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کیلئے محفوظ و پائیدار ترقی قائم کریں، پائیدار ترقی کے اہداف اقوام متحدہ کا نہیں پاکستان کا ایجنڈا ہے، پائیدار ترقی کے اہداف کو 2015 میں 2025 کے ترقی کی وژن میں شامل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حوالے سے ارکان پارلیمنٹ کے کردار پر بھی زور دیا اور کہا کہ وسائل کی تقسیم کا کام پارلیمنٹ کرتی ہے، پاکستان کے عوام نے ارکان پارلیمنٹ کے اپنے مینڈیٹ سے پارلیمان میں بھیجا ہے۔

 احسن اقبال نے کہا کہ مثبت سوچ اور ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا مشرکہ کوششوں سے ہم 2047 تک پاکستان کو دنیا کی بہترین معیشتوں میں شامل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی ذہانت اور محنت کی گواہی دنیا دیتی ہے، ہمیں کرپشن، نااہلی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے، پاکستان کے عوام نے 2022 کے سیلاب کا مقابلہ کیا، 2022 کے سیلاب کے بعد حکمت عملی کے ذریعے بڑے جانی نقصان سے پاکستان محفوظ رہا، اب ہمیں متحد ہوکر پاکستانی ترقی کے پروگرام کو آگے بڑھانا ہے۔