بھکر؛ ڈپٹی کمشنر کا مختلف اربن ایریاز میں حفاظتی ٹیکہ جات لگانے والی ٹیموں کی کارکردگی کا موقع پر جائزہ  

29

بھکر،31 مئی ( اے پی پی): حکومت پنجاب کے احکامات پر ضلعی محکمہ صحت بھکر کی جانب سے گھر گھربچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی خصوصی مہم تیز رفتاری کیساتھ جاری ہے۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے مختلف اربن ایریاز میں گھر گھر حفاظتی ٹیکہ جات لگانے والی محکمہ صحت کی ٹیموں کی کارکردگی کا موقع پر جائزہ لیا۔انہوں نے کٹ سٹیشن پر مامور عملہ کی حاضری،حفاظتی ٹیکہ جات اور ویکسین کی دستیابی کا بھی معائنہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خسرہ سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے والی ٹیمیں مہم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں ان کاکہنا تھا کہ 2 سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم نہ رہے۔

اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن نے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر کو دی گئی بریفنگ میں بتایا کہ ضلع بھکر میں خسرہ کی وباء پھیلنے کا کوئی خطرہ موجود نہیں صورتحال مکمل طور پر تسلی بخش ہے۔سی ای او ہیلتھ نے مزید بتایا کہ خسرہ کی وباء سے نمٹنے کیلئے پیشگی طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال اور تحصیل کی سطح پر ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں خصوصی طور پر وارڈز قائم کئے جاچکے ہیں جہاں پر متعلقہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف ہمہ وقت اپنے سونپے گئے فرائض منصبی بخوبی سرانجام دے رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈرنے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن خان کو ہدایات جاری کیں کہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کو تیز رفتار اور نتیجہ خیز بنایا جائے تاکہ بچوں کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جاسکے اس سلسلہ میں گھر گھر حفاظتی ٹیکہ جات لگانے والی ضلعی محکمہ صحت کی ٹیموں کی کڑی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔