اسلام آباد،15 مئی (اے پی پی): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کے وظائف سے رقم کی کٹوتی کے حوالے سے شکایات پر زیرو ٹالرینس کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے ملک بھر میں کفالت کی سہ ماہی قسط کے اجراء سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام زونل ڈائریکٹر جنرلز (DGs) اور متعلقہ عملے کے ساتھ ورچوئل میٹنگز کرتے ہوئے کیا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے تمام افسران کو واضح ہدایات جاری کیں کہ تمام ادائیگی مراکز مناسب سہولیات جیسے شیلٹرز، کرسیاں اور پینے کے صاف پانی سے لیس ہوں۔انہوں نے ضرورت مند خواتین کے ساتھ عزت اور وقار کے ساتھ پیش آنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ان کے ساتھ اچھے برتاؤ کی تلقین کی۔ انہوں نے ادائیگیوں کی تقسیم کے دوران بھگدڑ کے واقعات کو روکنے کے لیے لیڈی پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی۔
قبل ازیں، سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام عامر علی احمد اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور نے بھی ریجنل سٹاف سے بات چیت کی اور سرکاری فرائض میں غفلت یا شکایات کے خلاف فوری کارروائی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے استفادہ کنندگان کو ہموار اور مکمل ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے تنظیم کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نے کفالت قسط کے حوالے سے ضروری انتظامات کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنے مکمل عزم کی یقین دہانی کرائی۔