اسلام آباد، مئی 29 (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین کا کہنا ہے کہ تمام مذاہب بھائی چارے ، ہمدردی اور ایک دوسرے کا خیال رکھنے کا درس دیتے ہیں جسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
سری لنکن وزیر مذہبی و ثقافتی امور ویدورا وکرمانائیکا سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان حسن ابدال میں سکھوں اور دیگر مذاہب کے متعدد مقدس مقامات کی دیکھ بھال کر رہا ہے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ایک ٹیکنیکل گروپ بھی تشکیل دے رہے ہیں۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے چودھری سالک حسین نے سری لنکن وزیر کو وزارت سمندر پار پاکستانیز بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم سری لنکن طلبہ کے سکالر شپس کی تعداد میں اضافہ بھی کر رہے ہیں اس کے علاوہ سری لنکن طلبہ کو میڈیکل اور مذہبی تربیت کے حوالے سے ووکیشنل ٹریننگ دیں گے ۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےسری لنکن وزیر مذہبی و ثقافتی امور کا کہنا تھا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ہے اور خوش قسمت ملک ہے کہ اس کی 64فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذہب ثقافت کاحصہ ہے اور پاکستان کی ثقافت بہت مضبوط ہے ، چین ، کوریا، جاپان اور ویت نام کلچر کمپنیز پر بھاری رقوم خرچ کرتے ہیں۔سری لنکن نوجوانوں کے لیے پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں مواقع پیدا کیے جائیں
انہوں نے بتایا کہ سری لنکا میں بدھ ازم ، ہندو ازم ، سکھ اور مسلم کمیونٹی کے مقدس مقامات کی حفاظت کے کام کے علاوہ نوجوانوں کو تعلیم اور صحبت کی مفت سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چودھری سالک حسین نے سری لنکا میں تعلیم کی بلند شرح کو سراہا اور کہا ہ ہم محدود وسائل کے باوجود ان شعبوں میں سری لنکن نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کریں گے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور پاکستان میں گندھارا تہذیب و فن او رتعمیرات کو محفوظ بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔