اسلام آباد، 31 مئی(اے پی پی):سعودی عرب میں پاکستانی عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اب تک 174 پروازوں سے 42 ہزار 763سرکاری جبکہ نجی حج سکیم کے ذریعے ساڑھے 13 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں ۔
پاکستانی عازمین حج کی ایک بڑی تعداد آج خانہ کعبہ میں نماز جمعہ ادا کرے گی جبکہ سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے مدینہ منورہ میں 32 ہزار 9 سو عازمینِ حج کو زیارتِ ریاض الجنہ کروا دی گئی ہے۔
اگلے دس دنوں میں مزید 27 ہزار 342 سرکاری عازمینِ حج مکہ مکرمہ پہنچیں گے،اس سال پاکستان حج مشن 70 ہزار 105 سرکاری عازمین حج اور 80 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین کی میزبانی کرے گا ۔
مین کنٹرول آفس مکہ نے عازمینِ حج کی سہولت کیلئےحرم میں اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ موبائل ایپ پاک حج،دو ٹال فری ہیلپ لائنز اور 4 واٹس ایپ نمبرز کے ذریعے عازمینِ حج کی شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔
حرمین میں 2 مرکزی ہسپتال اور درجن بھر ڈسپنسریوں کے ذریعے 282 ڈاکٹرز اور طبی عملہ طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔