دستاویزی معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے، ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن سے دستاویزی معیشت کو فروغ حاصل ہو گا، وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان

29

لاہور، 3 مئی (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان کی زیر صدارت وزراء کمیٹی برائے ریسورس موبلائزیشن 2024-25 کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں  بورڈ آف ریونیو پنجاب اور  پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دستاویزی معیشت وقت کی اہم ضرورت ہے ،ٹیکس ایجنسیز کوکریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کے ڈریعے ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکس سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن سے دستاویزی معیشت کو فروغ حاصل ہو گا۔ وصولیوں میں اضافے کے لیے پی آر اے ایکٹ میں ترامیم ضروری ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ساتھ ڈیٹا کا تبادلہ ٹیکس نیٹ میں پھیلاؤ کو یقینی بنائے گا ۔سروسز کی ڈاکوکیومینٹیشن کے لیے ٹیکس نیٹ میں شمولیت سود مند ثابت ہو گی ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف ریونیو کے تحت ٹیکسز میں 15سے 20سال سے ایک ہی شرح پر منجمد ٹیکس ریٹ پر نظر ثانی کی جائے گی۔

انھوں نے ہدایت دی کہ محکمے ایسا فارمولا  ترتیب دے جس کے تحت ایک معینہ مدت کے بعد ٹیکس کی شرح میں تبدیلی ممکن ہو۔