اسلام آباد ، 20 مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دفاع سے متعلق منصوبوں میں پاکستان اور ترکیہ کے تعاون کی ایک تاریخ ہے، ہم مختلف مشترکہ منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور اپنی علاقائی خودمختاری کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ترک وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے پیر کو یہاں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ مستقبل قریب میں اعلیٰ سطحی سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کا اگلا اجلاس منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، کونسل کا یہ اجلاس جاری تعاون کے ساتھ ساتھ دوطرفہ اسٹریٹجک اقتصادی فریم ورک کا جامع جائزہ لے گا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے اور قدرتی آفات کے دوران مدد کی ہے۔انہوں نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی مضبوط اور مستقل حمایت پر ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے عوام کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دو ملک ہیں لیکن ایک قوم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دونوں عوام کے درمیان دل کا رشتہ قیام پاکستان سے پہلے موجود ہے۔
اس موقع پر ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمارا سٹریٹجک پارٹنر ہے اور ہمارا تعاون علاقائی امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ میں جڑی غیر متزلزل دوستی اور بھائی چارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اپنی ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقوں نے نہ صرف تجارت بلکہ دفاع، سرمایہ کاری، بینکنگ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی اپنے تعلقات کو مضبوط کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے غزہ میں مستقل جنگ بندی اور فلسطینی عوام کو انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا