رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کا راولپنڈی کے مختلف پارکس کا دورہ

23

 

راولپنڈی، 27مئی (اے پی پی):   رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) احمد حسن رانجھا کے ہمراہ راولپنڈی شہر کے مختلف پارکس کا دورہ   کیا اور پارکس میں عوام کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پی ایچ اے کے اقدامات اور کوششوں کو سراہا۔  حنیف عباسی نے اس موقع پر قائد اعظم پارک میں پودا بھی لگایا اور پی ایچ کے زیر اہتمام جاری شجر کاری مہم اور اقدامات کی بھی بھر پور تعریف کی۔

ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے حنیف عباسی اور راولپنڈی شہر کی نمایاں سماجی اور سیاسی شخصیات کے ساتھ قائد اعظم پارک، علامہ اقبال پارک، میلاد پارک، عائشہ پارک، مہرہ شریف پارک، مسلم پارک ، شاہ نجف پارک، شاہ نجف گراؤنڈ اور گلاب پارک کا دورہ کیا اور پارکس میں عوام کو فراہم کی جانیوالی تفریح سہولیات کے حوالے سے پی ایچ اے کے اقدامات کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری تفریح سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں رہے گی۔

حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات یقینی بنائے ہوئے ہیں اور پی ایچ اے کے زیر اہتمام کامیاب شجر کاری مہم عوامی تعاون سے جاری ہے اور رواں برس ہزاروں کی تعداد میں  پودے لگانے کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ شدید موسمی اثرات کو شجرکاری مہم سے ہی کم کی جا سکتا ہے۔

اسمبلی حنیف عباسی نے پی ایچ اے کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ جس قوم کے گراؤنڈ اور پارکس آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔