لاہور، 10مئی(اے پی پی): مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کامران سعید عثمانی نے کہا کہ ریاست ہمارے تحفظ کی ضامن ہے اگر ریاست ہے تو ہم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر آج ہم سکون کی نیند سوتے ہیں تو صرف ہماری افواج کی وجہ سے جو دن اور رات اس ملک کی سرحدوں پر ہمارے تحفظ کیلئے کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ق کے زیر اہتمام پاکستان آرمی، رینجرز، پولیس، ریسکیو اور دیگر فورسز کے شہدا ء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد تکریم شہدا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی صدر پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کامران سعید عثمانی نے کہا کہ آج کے پروگرام میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت یہ ثابت کرتی ہے کہ ہماری نوجوان نسل اور ہماری عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم اپنے شہدا ء کو نہ بھولے ہیں اور نہ ہی بھولیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج اور عوام ایک پیج پر ہیں۔
کامران سعید عثمانی نے کہا کہ شکر گڑھ شہیدوں کی زمین ہے کیونکہ یہاں ہر گاوں میں ایک شہید کا گھر موجود ہے اور ہم اپنے شہداء کی قربانیاں ضائع نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کیا ہے ہمیں یہ سمجھنا ہوگا اگر ہم نے یہ نہ سمجھا تو ہم برباد ہو جائیں گے، ریاست ہمارے تحفظ کی ضامن ہے اگر ہم شام عراق لیبیا کا حال دیکھیں تو ہمیں سمجھ جانا چاہیے کہ ریاست ہمارے لیے بہت ضروری ہے کیونکہ یہ ہماری فوج کی وجہ سے ہی ہم مشرق و مغرب کے دشمنوں سے بچے ہوئے ہیں اگر یہ ریاست نہ ہو تو یہ دشمن ہمارا برا حال کر دیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال جناح ہاوس سمیت ملکی اداروں میں توڑ پھوڑ، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کا واقعہ ہر محب وطن پاکستانی کے لیے تکلیف دہ تھا۔ چند شر پسند عناصر نے ریاست سے بغاوت کی اور ملکی اداروں اور عوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں بغاوت کی کیا سزا ہے یہ سب جانتے ہیں مگر ہمیں عدلیہ سے گلہ ہے کہ انہوں نے 9 مئی کے کرداروں کو ابھی تک کیفر کردار تک نہیں پہنچایا ان کو کیفر کردار تک پہنچانا بہت ضروری ہے۔کامران عثمانی نے کہا کہ ہم ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ سید عاصم منیر جیسا دلیر سپہ سالار ہماری فوج کا سربراہ ہے انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں ۔
کامران عثمانی نے کہا کہ ہماری افواج اب ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع کرے ہم اپنے ملک کی نظریاتی سرحدوں کا بھی دفاع کریں گے اور ملک میں موجود شر پسند عناصر سے بھی نبردآزما ہوں گے اور اس ملک کا دفاع کریں گے۔