پشاور،15 مئی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے زرعی یونیورسٹی پشاور میں گندم کی خاص قسم کی کٹائی تقریب میں شرکت کی اور واشنگٹن اسٹیٹ یونیورسٹی، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تعاون سے زرعی یونیورسٹی پشاور میں گندم کی خاص قسم کی پیداوار کو بہترین اقدام قرار دیا۔ گورنر نے گندم کی خاص قسم کو زرعی یونیورسٹی میں متعارف کرانے پر سینیٹر نعمان وزیر کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ کے زمینداروں کو گندم کی جدید اقسام سے متعلق رہنمائی حاصل ہونی چاہئے، معیاری گندم کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے زرعی یونیورسٹی، زرعی تحقیقی اداروں کو اپنی جدید تحقیق کو کسانوں، کاشتکاوں، زمینداروں کو منتقل کرنیکی ضرورت ہے۔
گورنر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ صوبہ کے پانی کو درست استعمال میں لانے کیلئے پی ایس ڈی پی منصوبوں میں شامل کرنے کیلئے کام کریں، صوبہ کے پانی کے استعمال کیلئے انفراسٹرکچر کی بہتری سے صوبہ کی بنجر زمینوں کو سیراب کر کے بڑے پیمانے پر گندم سمیت دیگر زرعی اجناس کی پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ تمام صوبائی حکومتیں زمینداروں، کسانوں اور کاشتکاروں کو سہولیات فراہم کر کے انکی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں، مجھے دکھ ہوتا ہے جب فضل کٹائی کے وقت زمیندار، کسانوں، کاشتکاروں کو خوار اور پریشانی میں مبتلا دیکھتا ہوں، اسلئے ارادہ ہے کہ صوبہ کے زمینداروں، نوجوانوں ہر طبقہ فکر کی بہتری کیلئے ملکر چلتا چاہتا ہوں۔