اسلام آباد، 16 مئی (اے پی پی):وزیرخزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ سابق فاٹا اور پاٹا میں انکم ٹیکس اور سیلزٹیکس میں استثنٰی کی مدت میں توسیع کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس معاملہ پر ایف بی آر میں اجلاس منعقد کرانے کیلئے تیار ہیں۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں جنیداکبر، امجدعلی خان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محمد اقبال اوردیگرکی جانب سے توجہ مبذول نوٹس پر وزیر خزانہ نے کہا کہ 2018 میں 25 ویں آئینی ترمیم کے وقت تمام فاٹا اور پاٹا کو جون 2023 تک ٹیکسوں میں استثنٰی دیاگیا تاکہ یہ علاقے ملک کے دیگرحصوں کی طرح معاشی طور پر مربوط ہو سکیں،اس کے تحت سابق فاٹا اورپاٹا میں سیلز ٹیکس اورانکم ٹیکس کی مد میں چھوٹ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ فی الحال حکومت نے ٹیکس استثنٰی کی مدت میں توسیع کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔