سانحہ 9 مئی کے دلخراش واقعہ کی مذمت کیلئے خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے،وفاقی وزیر اطلاعات کی میڈیا سے گفتگو

27

اسلام آباد،09مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی کے دلخراش واقعہ کی مذمت کیلئے خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔  وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ9 مئی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔، سیاسی اور ذاتی مفادات کی خاطر 9 مئی کو وہ حرکت کی گئی جو کبھی دشمن نے بھی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ  سانحہ 9 مئی کے دلخراش واقعہ کی مذمت کیلئے خصوصی اجلاس بلایا گیا ہے، اجلاس میں پیپلز پارٹی، آئی پی پی، نیشنل پارٹی کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے، تمام اتحادی جماعتوں کی نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی اجلاس میں 9 مئی کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی، وزارت قانون کی طرف سے وائٹ پیپر بھی پیش کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے بہت رعایت برتی گئی ہے، ان کے بھانجے اور عظمیٰ خان، علیمہ خان اور نورین خان بھی 9 مئی کے سانحہ میں ملوث ہیں، انہیں کیوں رعایت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میرا سوال ہے کہ 9 مئی کے کیسز کا فیصلہ کیوں نہیں کیا جا رہا، کیوں اس کیس کو منطقی انجام تک نہیں پہنچایا جا رہا۔