ساہیوال؛میونسپل کارپوریشن افسران اور ملازمین کی یوم تکبیر کے موقع پر ریلی  

26

ساہیوال، 28 مئی(اے پی پی): یوم تکبیر کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کے افسران اور ملازمین نے ایک بڑی ریلی نکالی جو بلدیہ ہال سے شروع ہو کر صدر بازار چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت چیف آفیسر اشفاق احمد نے کی جس میں میونسپل افسران محمد وقاص اکرم، ڈاکٹر ریاض احمد، غلام عباس اور اشفاق احمد لودھی بھی شریک تھے۔ شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے عوام کی یکجہتی کا اظہار کیا گیا تھا۔ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیف آفیسر اشفاق احمد نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر  بنانے کا دن ہے جس کے بعد کسی دشمن کو وطن عزیز کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوئی ۔انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے پر سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور دوسرے سائنس دانوں کو خراج  عقیدت پیش کیا۔ ریلی کے آخر میں ملک و سلامتی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔