سرسبز والی بال سیریز 2024، پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

29

 

اسلام آباد،28مئی  (اے پی پی):سرسبز والی بال سیریز 2024 کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو  شکست دے دی۔  منگل کوپاکستان سپورٹس کمپلیکس کے لیاقت جمنازیم  میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 25-22، 25-22، 25-20 سے سیٹ پوائنٹس کے ساتھ 3-0 سے شکست دی۔

یہ پہلا موقع ہےجب آسٹریلیا کی والی بال ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔پاکستان کی جیت کھلاڑیوں کی محنت اور تیاری کا منہ بولتا ثبوت  جنہوں نے کورٹ پر غیر معمولی ٹیم ورک اور حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔ اس فتح نے سیریز کے لیے ایک مثبت انداز قائم کیا ہے اور پاکستان میں والی بال کے شائقین کو بھر پور جوش دلایا ہے۔پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے ٹیم کی کارکردگی پر فخر اور اطمینان کا اظہار کیا۔

 سیریز کا دوسرا میچ بدھ (29 مئی) کو جبکہ تیسرا 30 مئی کو شیڈول ہے۔ یہ سیریز نہ صرف پاکستانی ٹیم کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک موقع ہے بلکہ بین الاقوامی کھیلوں کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور کھلاڑیوں میں مسابقتی جذبے کو فروغ دینے میں بھی ایک اہم قدم ہے۔

مراد جہاں سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت کر رہے ہیں ان کے ساتھ محمد کاشف نوید نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ولید خان، مراد خان، ایمل خان، عثمان فریاد علی، فخر الدین، آفاق خان، عبدالظہیر، مصور خان، محمد حماد شامل تھے۔ حیدر علی، ناصر علی اور محمد یاسین چودہ رکنی پاکستان اسکواڈ کا حصہ ہیں۔