سرگودھا ،16 مئی(اے پی پی): سرگودھا ضلع کے تمام 1650سرکاری سکولوں میں سکول کونسل کے انتخابات کروائے گئے۔جس میں طلبہ و طالبات نے بھرپور طریقے سے شرکت کی اور اپنے نمائندوں کا انتخاب کیا۔
اس سلسلہ میں گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول سرگودھامیں بھی پولنگ کروائی گئی۔اس موقع پر پرنسپل روبینہ کوثر نے کہا کہ سکول کونسلنگ کا مقصدبچوں میں قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینا اور پروان چڑھانا ہے جس سے طلبہ کو فیصلہ سازی، انتظامی معاملات پر دسترس،گفت و شنید پر عبورحاصل ہو گا اور ساتھی طلبہ سے مشاورت جیسے امور سے روشناس ہو کر سکولوں میں ہم نصابی سرگرمیوں کی بحالی ان کے مستقل انعقاد اور طلبہ کی سرگرم شرکت کو مستقل بنیادوں پر بحال رکھنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر الیکشن کمشنر عطیہ کا کہنا تھا کہ اس سے طلبہ میں ذمہ داریاں اٹھانے اور نبھانے کو ترویج دینے میں مدد ملے گی اور طلبا وطالبات کو اپنے ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کرنا اور اس کا درست استعمال سکھانا نچلی سطح تک جمہوریت اور جمہوری اقدارکومتعارف کرانا ہے۔
گورنمنٹ جامع گرلز ہائی سکول سرگودھا میں صدر کے لیے اریج فاطمہ 674ووٹ نائب صدر کے لیے سویرا نے 591ووٹ فنانس سیکرٹری کے لیے طیبہ عباس نے 606ووٹ لے کر میدان مار لیا۔