سرگودھا میں امن وامان برقرار رکھنے اور دفعہ 144کے نفاذ کے حوالے سے فلیگ مارچ

24

سرگودھا، 26 مئی (اے پی پی): ڈی پی او سرگودھاڈاکٹر اسد اعجا ز ملہی کی ہدایت پرامن وامان برقرار رکھنے اور دفعہ 144کے نفاذ کے حوالے سے ایس پی ہیڈکوارٹر ضیاءاللہ کی زیر قیادت سٹی ایریا میں فلیگ مارچ کیا گیا ، فلیگ مارچ ذکاءاللہ شہید پولیس لائن سے شروع ہوااورشہر کے مختلف علاقوں کلب چوک،خیام چوک، نوری گیٹ، بلاک 12چوک، بستی عیسائیاں،علی پارک، گل والا، کوٹ فرید۔ مجاہد کالونی، ظفر کالونی سیٹلائٹ ٹاون سمیت دیگر شاہراؤں سے ہوتا ہوا اسی مقام پر اختتام پذیر ہوا۔فلیگ مارچ میں ڈی ایس پی صدر، ڈی ایس پی ٹریفک،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر،محافظ اسکواڈ، سٹی سرکل کی موبائلز کے دستوں کے علاوہ ٹریفک پولیس اور ایلیٹ فورس نے حصہ لیا۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی ہیڈکوارٹر ضیاءاللہ نے کہا کہ مجاہد کالونی میں گزشتہ روز پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کے بعد شہر میں 7 روز کیلئے دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا ہے،اس واقعہ میں پولیس نے بڑے صبر و تحمل سے معاملات کو سنبھالا،فلیگ مارچ کا مقصد لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ شر انگیز عناصر کو ایک واضح پیغام دینا ہے کہ سرگودھا میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اورسرگودھا پولیس کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نبٹنے کے لیے تیار ہے۔ ہمارے ارض وطن کو دہشت گردی کا سامنا ہے ،ہم دہشت گردی کے اس ناسور کے ساتھ حالت جنگ میں ہیں اور عوام کی جانوں کو محفوظ کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔یہ نازک وقت تقاضا کرتا ہے کہ ہم سے کوئی ایسا فعل سرزد نہ ہو جس کا فائدہ شرپسند عناصر اٹھا لیں اس لئےہر قسم کی اشتعال انگیز تقاریر، لاؤڈ سپیکر ، وال چاکنگ اور مشتعل کرنے والے پمفلٹ کی اشاعت وتقسیم پر مکمل پابندی ہے قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ عوا م کو چاہیے کہ وہ مشکوک افراد پر نظررکھیں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس کو دیں امن عامہ کی صورت کو برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔