سکھر،27مئی(اے پی پی):ہیٹ ویوز سے بچاﺅ کی خاطر شہریوں کیلئے بلدیہ اعلیٰ اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات عمل میں لائے گئے ہیں، شہر کے مختلف مقامات گھنٹہ گھر، ڈولفن چوک، جیل گارڈن، بندر روڈ، ملٹری روڈ، ایوب گیٹ، نیو گوٹھ، قریشی روڈ پرانا سکھر، نیو پنڈ سمیت دیگر مقامات پر ہیٹ ویوز و ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔
ریلیف کیمپ کی نگرانی میونسپل کمشنر محمد علی شیخ، سینئر آفیسر بلدیہ اعلیٰ عابد علی انصاری سمیت منتخب بلدیاتی نمائندگان کررہے ہیں اور بلدیہ کا عملہ بھی فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہے۔ اس حوالے سے میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کا کہنا ہے کہ میئر سکھر کی خصوصی ہدایت پر سکھر میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث راہ چلتے افراد کے لیے عارضی کیمپ لگا دیئے گئے ہیں، کیمپوں میں بنیادی سہولیات بھی فراہم کردی گئی ہیں۔
ہیٹ ویو ریلیف کیمپ میں ٹھنڈے پانی کے ساتھ او آر ایس، مشروبات اور ادویات دستیاب ہیں، یہ کیمپ متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے،ہیٹ اسٹروک اور گرمی سے متعلق دیگر بیماریوں کے واقعات کو کم کرنے میں مدد کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔