سکھر،31مئی (اے پی پی) سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سکھر کے زیر اہتمام ججز کے اعزاز میں سالانہ ڈنر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سندھ ہائی کورٹ سکھر میں تعینات ججز کے علاوہ چیف جسٹس سندھ عقیل احمد عباسی نے خصوصی شرکت کی، سکھر ہائی کورٹ پہنچنے پر سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور سلامی پیش کی گئی۔
اس موقع پر چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سکھر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کے باہمی اتحاد و اتفاق اور یکجہتی سے ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہو سکتے ہیں،اپنے فرائض کے ساتھ انصاف سے ریاست گلستان بن سکتی ہے، وکلاءکے تعاون سے کیسز التواءمیں جانے کی بجائے بروقت غریب کو انصاف مل سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کو انصاف دیں، ہم خوف خدا سے معاشرے کو رول ماڈل بنا سکتے ہیں اور ججز کو ہمیشہ بلا خوف رہنا چاہیے۔
تقریب میں جسٹس محمد اقبال کلہوڑو، جسٹس عدنان الکریم، جسٹس محمد عبدالرحمان، جسٹس ارباب علی ہکڑو، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر قربان علی ملانو، جرنل سکیٹری آنچر خان گبول، میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالرحیم مہر، ڈسٹرکٹ بار سکھر کے عہدیداران خیرپور گھوٹکی سمیت دیگر ضلعی بار کے عہدیداران وکلا اور عدالتی افسران نے بھی شرکت کی۔