سکھر،03مئی(اے پی پی):ضلع کونسل سکھر کی جانب سے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کو پسماندہ طلباء کو کامپیٹیٹو امتحانات کی تیاری کیلئے 60 ملین روپے مالیت کی سکالرشپس دینے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیاہے ۔ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی اور ضلع کونسل سکھر نے خطے کے پسماندہ علاقوں کے طلباء کی تیاری کے لیے ایک قابل ذکر اقدام کیا ہے۔ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں سکالرشپ پروگرام کو متعارف کرانے کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں جس کا مقصد طلباء کو کامپیٹیٹو امتحانات ، خاص طور پر سی ایس ایس کے لیے تیار کروانا ہے، اس معاہدہ کے تحت ضلع کونسل سکھر نے اگلے تین سالوں میں 450 مستحق طلباء کی تیاری میں معاونت کے لیے 60 ملین روپے دینے کا وعدہ کیا ہے، اس عزم کے ساتھ کہ اس پروگرام کو اگلے سالوں میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ اس موقع پہ چیئرمین ضلع کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی سرمایہ کاری ہماری قوم کے مستقبل کی خوشحالی کی کلید ہے ،یہ اقدام سکھر، روہڑی، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، لاڑکانہ، شکارپور اور جیکب آباد کے طلباء کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سکالرشپ تعاون کے ذریعے ہم ان طلبا کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھا رہے ہیں جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ کوئی بھی مستحق امیدوار پیچھے نہ رہ جائے۔ اس موقع پر اظہار تشکر کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے کہا کہ یہ تعاون ان لاتعداد مستحق طلباء کے لیے امید کی کرن ہے جو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں لیکن مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین سید کمیل حیدر شاہ اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس تقریب میں معزز مہمانوں بشمول سکھر کے ڈپٹی کمشنر کے ساتھ جامع کے پی وی سی و دیگر افسران موجود تھے۔ اس سکالرشپ میں ٹیوشن فیس فی طالبعلم 10 ہزار روپے بک الاؤنس فراہم کرنے اور پانچ ماہ کے لیے 10 ہزار روپے کا رہائشی الاؤنس سمیت تمام سپورٹ شامل ہوں گی۔ اس موقع پر ضلع کونسل نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کو دو الیکٹرک گاڑیاں بھی عطیہ کیں، جو ماحول دوست طریقوں کو فروغ دینے اور کیمپس کے اندر یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو بڑھانے کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔