شجاع آباد،31 مئی (اے پی پی):دنیا بھر کی طرح ضلع ملتان میں بھی انسداد تمباکو نوشی سے آگاہی کا عالمی دن منایا گیا۔ اس موقع پر گورنمنٹ کالج بوائز اور گرلز شجاع آباد میں آگاہی سیمینار منعقد ہوئے جس میں طلبہ کو تمباکو نوشی سے بچاؤ کے لیے آگاہی دی گئی۔
وائس پرنسپل آصف وینس نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں طلبہ کو تمباکو نوشی کے نقصانات سے آگاہ کیا گیا کہ ہر سال 31 مئی کو انسداد تمباکو نوشی کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ تمباکو کی وبا اور اس کی وجہ سے ہونے والی اموات اور بیماریوں کی طرف عالمی توجہ مبذول کرائی جا سکے۔ اینٹی نارکوٹکس سیل کی مس حناء نے کہا کہ تمباکو نوشی سے دنیا بھر میں ہر سال 8 ملین سے زائد افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں اس دن کا مقصد تمباکو کے استعمال کے وسیع پیمانے پر پھیلاؤ کو روکنا اور مستقل طور پر تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔