شکرگڑھ،06 مئی (اے پی پی ): وفاقی حکومت کی جانب سے شکر گڑھ نادرہ آفس میں پاسپورٹ کاؤنٹر کے بعد ڈبل شفٹ نادرہ کا آغازکر دیا گیا ہے۔
افتتاح کے موقع پر ممبر قومی اسمبلی چوہدری انوار الحق نے کہا کہ پاسپورٹ کی سہولت نہ ہونے سے شہریوں کو 45-50 کلومیٹر دور سفر کر کے نارووال جانا پڑتا تھا،اب نادرہ ڈبل شفٹ سے شہری رش سے بھی بچ جائیں گے،انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم کے دوران وعدہ کیا تھا جو ڈیڑھ ماہ میں پورا کر دیا۔انہوں نے درخواست کی کہ دیہاتی لوگ صبح نادرہ میں آکر حصول شناختی کارڈ اور شہری رات کو اس سہولت سے زیادہ مستفید ہو سکتےہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی سہولت نہ ہونے سے وہ روزانہ نارووال جاتے اور ذلیل وخوار ہوتے تھے۔اس سہولت پر کہا کہ یہ مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکر گڑھ کی عوام کے لیے خصوصی تحفہ ہے۔
شہریوں نے سہولیات ملنے کے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے عوام دوست حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات علاقائی مسائل کو کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔