لاہور، 30 مئی (اے پی پی): صوبائی وزراء صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت آئی پی ایچ میں ڈینگی ایس او پیز کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس کی موجودہ صورتحال، تدارک کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈین آئی پی ایچ ڈاکٹر زرفشاں طاہر، ڈائریکٹر سی ڈی سی ڈاکٹر یداللہ ، پروفیسر وسیم اکرم، اینٹمالوجسٹس نے شرکت کی۔ ڈین آئی پی ایچ، دیگر افسران کی صوبائی وزرا صحت کو ڈینگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی کے لئے تیار کئے گئے ایس او پیز پر بھی تفصیلی بحث کی گئی ۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے کب تک لوگوں کے گھروں کے ائیر کولرز صاف کرتے رہیں گے، شہریوں کو اپنے بچوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونا ہوگا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ صحت کو اب کام کرنا نہیں شہریوں سے کام کروانا ہوگا، آؤٹ ڈور ویکٹر سرویلنس کی فزیکل مانیٹرنگ باقاعدہ جاری رہنی چاہیے، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ فیلڈ سٹاف کو ٹریننگ اینٹمالوجسٹس کے ذریعے کروائی جائے اور جدید ریفریشر کورسز کروائے جائیں۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے محکموں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ڈینگی سے بچاؤ کے لئے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے فیلڈ سٹاف اپنی ایکٹویٹی بڑھائیں اور لاروا کے تدارک کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔