لاہور، 12 مئی(اے پی پی): صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق نے مراکہ میں میڈیکل ویئر ہاؤس کا دورہ کیا۔صوبائی وزرا صحت نے ویئرہاؤس میں ادویات، بائیو میڈیکل ایکوپمنٹس کے وسیع سٹاک کا جائزہ لیا اور ادویات کی سٹوریج، ہسپتالوں کو ادویات کی سپلائی کے عمل پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں کو ادویات کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا۔ ادویات کا وافر سٹاک موجود ہے، مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مریضوں کو ادویات کی فراہمی میں ناکامی پر متعلقہ ایم ایس ذمہ دار ہوگا۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں انڈور، آؤٹ ڈور مریضوں کو ادویات کی سپلائی کا ڈیجیٹل ریکارڈ رکھا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں طبی سہولیات سے متعلق مریضوں سے فیڈبیک لیا جارہا ہے۔