صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چینی سرمایہ کار کمپنی ایٹائل ڈیسٹ کے وفد کی ملاقات

27

لاہور، 3مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ کیا اور ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چینی سرمایہ کار کمپنی ایٹائل ڈیسٹ کے وفد سے ملاقات کی۔

وفد کی قیادت کمپنی کے سربراہ تاؤسن کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع، سازگار ماحول اور چینی و دیگر غیر ملکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری پر بات چیت کی گئی۔چینی سرمایہ کار کمپنی نے ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری میں اظہار دلچسپی کیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل سیکٹر سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا پوٹینشل موجود ہے،

ترک، چائنیز اور دیگر غیر ملکی کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ پنجاب کے 18انڈسٹریل زونزز میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع موجود ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پنجاب کے بڑے شہروں میں 6بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز قائم ہیں بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز میں سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے ساری سہولیات مل رہی ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا دائرہ کار بڑھا رہے ہیں ۔پنجاب میں سستی سکلڈ لیبر بھی دستیاب ہے ۔انھوں نے کہا کہ چینی اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فول پروف سیکیورٹی دی گئی ہے ۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ چینی کمپنی کھلے دل سے سرمایہ کاری کرے، ہرممکن سہولت اور تحفظ دیں گے،  سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن اور سرمایہ کاری بورڈ کے دیگر افسران بھی ملاقات میں موجود تھے۔