بھکر،23 مئی (اے پی پی): طلباء وطالبات کی قائدانہ صلاحیتوں میں اضافے اور ان میں مزید نکھار لانے کیلئے پنجاب بھر کی طرح ضلع بھکر میں بھی سٹوڈنٹس کونسل الیکشن کا کامیاب انعقاد کیا گیا جسکی تقریب حلف برداری گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول بھکر میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر تھے ۔
تقریب میں سٹوڈنٹس کونسل کے منتخب عہدیداران اور اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ سٹوڈنٹس کونسل کا قیام حکومت پنجاب کا تاریخی اور منفرد نوعیت کا ایک اقدام ہے جس کی بدولت طلباء وطالبات میں خود اعتمادی ،قائدانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور آگے بڑھنے کا جزبہ پروان چڑھے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ منفرد اقدام ضلع کے ایجوکیشن سیکٹر میں نمایاں مقام حاصل کرے گا طلباء کیساتھ ساتھ طالبات کا سٹوڈنٹس کونسل الیکشن میں بھرپور انداز میں حصہ لینا خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے طالبات اپنے آپ کو مضبوط بنائیں سٹوڈنٹس کونسل آپکی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے ایک عمدہ پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سٹوڈنٹس کونسل الیکشن میں منتخب عہدیداران پریزیڈنٹ ،وائس پریزیڈنٹ ،جنرل سیکرٹری ،فنانس سیکرٹری اور دیگر عہدیداران اپنے سکولوں میں اساتذہ کرام کیساتھ ہمہ وقتی رابطہ استوار رکھیں گے اور سکولوں میں دیگر سٹوڈنٹس کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو ظفرحسن نقوی ،سی ای او ایجوکیشن محمد خلیل پراچہ ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمنٹری زنانہ میڈم شہلا رضا ،سکول ہیڈ ماسٹر مشتاق احمد خان اور گورنمنٹ ایلمنٹری سکول چاہ چمنی کے ہیڈ ماسٹر اصغر بلوچ بھی موجود تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر اکرم عزیز نے سر انجام دئے۔