ضلع گھوٹکی میں تمام ترقیاتی اسکیموں کو  وقت پر مکمل کیا جائے؛ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

20

گھوٹکی، 23 مئی (اے پی پی ): صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی، زراعت و کھیل سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ ضلع گھوٹکی میں تمام ترقیاتی اسکیموں کو  وقت پر مکمل کیا جائے، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مسائل سے آگاہ کیا جائے تو حل کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی کمپلیکس میرپور ماتھیلو میں ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی سمیت محکمہ صحت عامہ، ایجوکیشن ورکس، بلڈنگ، روڈس، ڈسٹرکٹ ہائی ویز، پراوبشنل ہائی ویز کے انجنیئرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  پیپلز پارٹی  کے  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق حکومت سندھ نے عوامی فلاح و بہبود کے لئے صوبے بھر میں ترقیاتی اسکیمیں فراہم کی ہوئی ہیں تاکہ عوام کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تمام اسکیموں کا کام مقرر وقت پر مکمل ہونا چاہیے، متعلقہ انجنیئرز معیار کو یقینی بنائیں، غیرمعیاری کام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

 صوبائی وزیر نے تمام انجنیئرز کو سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسکیموں کی نگرانی کریں، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک اسکیم کا کام کئی سال تک چلتا رہے، عوام کو فائدہ پہنچانے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔

 قبل ازیں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی ڈاکٹر سید محمد علی نے صوبائی وزیر کو ضلع کی ترقیاتی اسکیموں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فنڈنگ اور مسائل کے متعلق تفصیلی رپورٹ فراہم کی جائے تاکہ حکومت سندھ سے مسائل حل کروائے جاسکیں۔