عسکری اداروں اور پاکستانی عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے ؛ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ

28

 

اسلام آباد،20مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ عسکری اداروں اور پاکستانی عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے ، وزیراعظم نے سوشل میڈیا کے حوالے سے اتھارٹی کے قیام کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے ،افواج پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ،پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ ایرانی صدر کے انتقال پر پوری پاکستانی قوم افسردہ ہے ،صدرمملکت اور وزیراعظم نے تعزیتی پیغامات بھی جاری کئے ہیں ،ایرانی صدر نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات کی ،ایرانی صدر نے دورے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت پر بھی بات کی ،پاکستانی قوم اس مشکل وقت میں اپنے ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔

وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ ڈیجیٹل میڈیا کے حوالے سے دنیا کے کئی ممالک میں قانون سازی ہوچکی ہے ، وزیراعظم نے سوشل میڈیا کے حوالے سے اتھارٹی کے قیام کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے ، کمیٹی فریقین سے مشاورت کے بعد سفارشات پیش کرے گی ۔

انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت انگیز پیغامات بھی پھیلتے ہیں ،سوشل میڈیا پر دیگر غیر قانونی اور غیر اخلاقی مواد بھی ہوتا ہے ۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ افواج پاکستان نے دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں ،عسکری اداروں اور پاکستانی عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے ،لوگوں کی جان ومال کی حفاظت انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ، پولیس کو وفاقی حکومت سے درکار ہرقسم کا تعاون فراہم کیا جائے گا ، عدالتوں نے آئین و قانون کے مطابق انصاف فراہم کرنا ہے ،عدالتوں کے معاملات عدالتوں میں ہی حل ہوتے ہیں ،سرحدوں اور ملک کے اندر چیلنجز پر قابو پانا افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے ، پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز سب کے سامنے ہیں ،یہ وقت سب کے متحد ہونے کا ہے ۔

 ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر قانون نے کہاکہ پاکستان کو قرضوں کے دلدل سے نکالنے کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ،ملک میں امن و امان کا قیام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے،ملک میں بہتری کے لئے سب کومل کر کام کرنا ہوگا ۔