لاہور،20 مئی ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لاہور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ایم پی اے میاں مرغوب شامل تھے۔
اس موقع پر لاہور کی ڈویلپمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے کی عمومی صورتحال کا جائزہ اور ملکر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ارکان اسمبلی نے پنجاب میں عوام کی ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے اقدامات کو سراہا۔ارکان اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کوعوامی ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں آ سانی پیدا کرنا عزم ہے۔ شہروں کی صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار نظام لارہے ہیں۔ لاہور سمیت ہر شہر کی کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان خان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کا عوامی مسائل کے حل کے لئے ویژن اور رفتار قابل تحسین ہے۔نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے۔
ایم پی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ لاہور کی کچی آبادیوں اور مضافاتی بستیوں کی قسمت بدل رہی ہے۔سینیٹرپرویز رشید اور صوبائی معاون خصوصی ذیشان ملک بھی موجود تھے۔