اسلام آباد،17 مئی (اے پی پی): قومی اسمبلی نے طارق بشیرچیمہ کی رکنیت کو موجودہ سیشن کے اختتام تک معطل کرنے کی قرارداد کی منظوری دیدی۔ پیرکوقومی اسمبلی میں سپیکرایاز صادق نے کہاکہ کل ایوان میں ناخوشگوارواقعہ پیش آیا جس سے بہت سے ارکان کی دل آزاری ہوئی ہے۔۔ بعد میں تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین اسمبلی بیٹھ گئے اوراس مسئلہ کوافہام وتفہیم سے حل کیا جس پرمیں ان کاشکریہ اداکرتاہوں انہوں نے بڑامثبت کرداراداکیا۔سپیکرنے کہاکہ تمام ارکان نے مجھے لکھ کردیا کہ طارق بشیرچیمہ کی رکنیت کوجاری سیشن کے اختتام تک معطل کیاجائے۔ یہ سب کا متفقہ فیصلہ تھا،بعدمیں سپیکرنے طارق بشیرچیمہ کی رکنیت کوجاری سیشن کے اختتام تک معطل کرنے کی اجازت چاہی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔