قومی اسمبلی /کنوینئر ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی پیر سید عمران احمد شاہ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد

12

ساہیوال(اے پی پی  )ممبر قومی اسمبلی /کنوینئر ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی پیر سید عمران احمد شاہ کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے منٹگمری ہال میں کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی پیر ولائت شاہ کھگہ، نوید اسلم خان لودھی، رانا ریاض احمد خاں، ڈپٹی کمشنر ساہیوال صائمہ علی، ڈی پی او فیصل شہزاد سمیت تمام محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی /کنوینئر ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل اور ان کی خدمت کرنا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و شہر کی خدمت میں حائل تمام کمی و کوتاہیوں کو فوری دور کیا جائے گا۔ انہوں نے پارلیمنٹرینز اور افسران پر زور دیا کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں اور محنت اور نیک نیتی سے کام کریں۔ اجلاس کے دوران گزشتہ فیصلوں پر عملددرآمد کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او فیصل شہزاد نے ضلع میں لاء اینڈ آرڈر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت کیمرے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ویو ہوٹل کے سامنے حادثات کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایم این اے پیر سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ شہر میں تمام مین ہولز پر کور رکھے جائیں اور سڑکوں کا پیچ ورک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے پی ایچ اے کو شہر کے تمام پارکوں کو فعال کرنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کوتفریحی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی گرین بیلٹس سے نشئیوں کی آماجگاہوں کو فوری ختم کیا جائے اور جھال روڈ اوورہیڈ برج کی سٹریٹ لائٹس کو فوری فنگشنل کیا جائے۔ ایم پی اے پیر ولائت شاہ کھگہ نے 63/4Rمیں گرلز سکول کو فوری بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مڈھالی روڈ پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ شہریوں کو دھول مٹی سے بچایا جا سکے جس پر پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان نے بتایا کہ بدھ سے مڈھالی روڈ کی اسفالٹ کا کام شروع کردیا جائے گا جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے 5جون سے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام لوگ شہریوں کو پلاسٹک بیگز کے مضر اثرات پر آگہی کے لئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو مختلف بیماریوں سے بچایا جا سکے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی سکیموں بارے تفصیلی بریفنگ دی۔