لاہور؛ 30 مئی ( اے پی پی ) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیرصدارت پنجاب بھر کے میونسپل چیف آفیسرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا ۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق نے اجلاس میں شرکت کی ۔
ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت آئوٹ سورس ماڈل میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر بلدیات نے چیف آفیسرز کو ایچ آر اور مشینری کی تفصیل بھجوانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز پنجاب بھر میں صفائی کا یکساں نظام متعارف کرانا چاہتی ہیں، پہلے مرحلے میں ماڈل پراجیکٹ شروع کریں گے، ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایک تحصیل میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرے،صفائی کے معاملے میں کوئی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر بلدیات پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں صفائی کا موثر اور دیرپا ماڈل لانا چاہتے ہیں، دیہات کو نظرانداز کر کے صفائی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد نے کہا کہ سی اوز دی گئی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، ہر ڈپٹی کمشنر کو بھی ضروری سہولیات فراہم کرنے کا کہیں گے، اجلاس میں عیدالاضحٰی کے لئے صفائی کے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔