ملتان ، 09 مئی (اے پی پی ):لبیک اللہم لبیک، ملتان سے عازمین حج کا پہلا قافلہ حجاز مقدسہ کو روانہ ہو گیا۔ چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان ائیر پورٹ سے149 عازمین حج کو حج کی سعادت کیلئے مدینہ منورہ روانہ کیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملتان سے حج آپریشن کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر ڈائریکٹر حج ملتان ریحان کھوکھر نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 9 برسوں سے ملتان ایئر پورٹ سے حج آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔ اس سال ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 26 فلائٹس 13 ہزار سے زائد عازمین ملتان سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ 8 جون تک ملتان سے حج آپریشن کے دوران مدینہ منورہ اور جدہ کیلئے پروازیں روانہ ہوں گی۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر بن کر حجاز مقدس جا رہے ہیں اور وہاں پہنچ کر ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور پاکستان کا نام روشن کریں۔انہوں نے عازمین حج سے پاکستان کی سالمیت استحکام کیلئے خصوصی دعا کا کی اپیل بھی کی ۔