اسلام آباد، مئی 14 (اے پی پی): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) روبینہ خالد نے کہا کہ مستحق خواتین کی عزت نفس اور وقار کو برقرار رکھنا بی آئی ایس پی کی ترجیحات میں شامل ہے۔
آج پروگرام سے متعلق ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ بی آئی ایس پی وظائف کے حصول کیلئے آنے والی ضرورت مند خواتین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں ، بدانتظامی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی ،
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مستحق خواتین کے بینک اکاؤنٹس کے قیام پر زور دیا اور کہا کہ بینک اکاؤنٹس کے ذریعے انسانی مداخلت کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ مستحق خاندانوں کے بچوں کیلئے پیشہ ورانہ اور تکنیکی تربیت ضروری ہے، اس کے علاوہ انہوں نے غیر شادی شدہ خواتین اور بیواؤ ں کو بھی پروگرام میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی ۔