اسلام آباد، 20 مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت پیداوار و غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ معیشت کی بحالی مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا ہے،بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے،انتشار اور منفی سیاست نے ہمیشہ ملک کا نقصان کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں پیر کو رچنا انڈسٹریل پارک شیخورہ میں اقتصادی زون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اقتصادی زونز نے دنیا بھر کی معیشتوں کو بدل کر رکھ دیا اور قوموں کو خوشحالی کی طرف گامزن کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رچنا انڈسٹریل پارک اور دیگر خصوصی اقتصادی زون معاشی ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کامیابی کا اصل پیمانہ ترقی، ہماری معیشت کی پائیداری اور معاشرے پر پڑنے والے مثبت اثرات میں مضمر ہے، رچنا انڈسٹریل پارک کی تکمیل ہماری حکومت کے غیر متزلزل عزم کو واضح کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارک چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے تناظر میں بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ لاہور شیخوپورہ روڈ پر ایم ٹو کے قریب اورایم فائیو کے نقطہ آغاز پر واقع ہے جو پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک اہم گیٹ وے کا کام کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کو معیشیت کی ترقی کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا کیونکہ حکومتی اور نجی شعبوں کے درمیان قریبی تعاون سے ہی پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کی جا سکتی ہے، پی آئی ڈی سی اس بات کو یقینی بنائے گا کہ صنعتی ترقی ماحولیاتی استحکام کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔
وفاقی وزیر صنعت پیداوار و غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا کہ صنعت غیر ملکی سرمایہ کاری کوراغب کرتی ہے اور اپنی برآمدی صلاحیت کو بڑھاتی ہے جبکہ صنعتی پیداوار میں اضافہ غیر ملکی زرمبادلہ کی زیادہ آمدنی کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ معیشت کے دیگر مختلف شعبوں کی مدد کرتا ہے۔ صنعتیں مشینری، کھاد اور پروسیسنگ کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے جس سے زرعی پیداوار میں بہتری آتی ہے اور صنعتی برآمدات ملک کے توازن ادائیگی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ،ان برآمدات سےزرمبادلہ پیدا ہوتا ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی مالیاتی پوزیشن مضبوط ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری حکومت نے پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے جس کے لیے معیشیت کی بحالی مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا مشن اور اولین ترجیح ہے۔ان کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ملک میں بڑے پیمانے پر معاشی اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے ،بہترین معاشی پالیسیوں کی بدولت ملک معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
رانا تنویر نے کہا کہ حکومت زراعت اور صنعت میں ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ صنعت اور زراعت کی ترقی کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دے دی گئی ہے ،معیشت کی بحالی کیلئے کیے گیے اقدامات سے ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ فی ایکڑ زرعی پیداوار کو بڑھانے کیلئے روڈ میپ تشکیل دیا ہے جبکہ کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی کیلئے نیشنل سیڈ ریگولیٹری اتھارٹی بنائی ہے۔ اس کے علاوہ کسانوں کو یوریا اور ڈی آیے پی کھادوں کی فراہمی کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جارہا ہے اور یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے انڈسٹری کو ہدایات کر دیں ہیں۔
رانا تنویر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت انتشار اور نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہےکیونکہ انثشار اور منفی سیاست نے ہمیشہ ملک کا نقصان کیا ہے ، ہماری حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے سی پیک کی بنیاد رکھی ، سی پیک گیم چینجر ہے ،ملک کو معاشی طور مضبوط بنائے گا۔