ملاکنڈ،18 مئی (اے پی پی):ملاکنڈ میں گندم خریداری کو شفاف بنانے کے لئے سیکرٹری محکمہ فوڈ خیبر پختونخواہ ظریف المعانی نے سخاکوٹ گندم گودام کا اچانک دورہ کیا اور صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق مقامی زمینداروں سے گندم خریدنے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ زمین خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی زید خان صافی، ڈسٹرکٹ فوڈ آفیسر ملاکنڈ ظفر عالم سمیت محکمہ زراعت کے اہلکار اورکمیٹی کے دیگر ارکان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ظریف المعانی نے سخاکوٹ گندم گودام میں گندم کے معیار کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران سیکرٹری فوڈظریف المعانی نے گندم خریدنے کا پورا ریکارڈ چیک کیا اورہدایات جاری کئے کہ صوبائی حکومت کے فیصلے کے روشنی میں پہلے مقامی زمینداروں سے گندم خریدی جائے اور اس کے بعد باہر کے اضلاع اور دیگر علاقوں سے لائے گئی گندم خریدی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے تاکہ صوبے میں گندم اور آٹے کے بحران کا خدشہ نہ ہو اور عوام کو باآسانی گندم و آٹا فراہم کیا جاسکے۔