ملتان، 29مئی(اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فوادہاشم ربانی سے قومی تاجراتحاد اور پاکستان کسان اتحاد کے رہنماوں پر مشتمل وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے خطے میں تعمیرو ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ خطے سے غربت کےخاتمہ کے لئے زراعت کو ترقی دی جارہی ہے اور شرح خواندگی میں اضافہ پر فوکس کیا جارہا ہے جبکہ بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ڈیپ ڈائیو کانفرنس کے موقع پر تیار کردہ سفارشات پر عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹنمنٹ جنوبی پنجاب نے تعلیم کے شعبے میں منفرد اقدامات اٹھائے ہیں جس پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو فخر ہے۔
فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ 3 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی بلڈنگ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جوکہ جنوبی پنجاب کےاثاثوں میں خوبصورت اضافہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تمام سیکرٹریز کے ایک بلڈنگ میں شفٹ ہونے کے بعد سیکرٹریٹ کی کارکردگی میں مزید اضافہ ہو گا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے وفد کو یقین دلایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تاجر برادری اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔
قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب کے صدر ملک خالد بھٹہ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے اور سیکرٹریٹ کے قیام سے جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے وقت کے ساتھ ساتھ پبلک سروس ڈیلیوری میں بھی بہتری آئے گی۔
کسان اتحاد ضلع مظفر گڑھ کے صدر عبدلغفور بابر نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کے ہر فرد کی آواز ہے۔وفد نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو تاجر برادری اور کسانوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
صدر قومی تاجر اتحاد جنوبی پنجاب ملک خالد بھٹہ اور صدر کسان اتحاد مظفرگڑھ عبدالغفور بابر کے علاوہ مقبول کھوکھر، اشفاق ملک،اقبال خان، شاہد سپرا اور عمردراز نگانہ وفد میں شامل تھے۔سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین اور ڈپٹی سیکرٹری عبدالصبور ٹھاکر بھی ملاقات میں موجود تھے۔