ملتان:ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے  گھنٹہ گھر چوک کے قریب قلعہ کہنہ قاسم باغ میں ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا افتتاح کردیا

37

ملتان ،17مئی(اے پی پی):ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے  گھنٹہ گھر چوک کے قریب قلعہ کہنہ قاسم باغ کے ایریا میں قائم ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا افتتاح کردیا۔سپیشل سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب رانا سلیم خان اور ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف روف خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم  ربانی نے اس موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی درخواست پر چئرمین ریلوے نےچار ریل بوگیاں فراہم کی تھیں جن میں سے دو ریل بوگیاں ملتان، ایک بہاولپور اور ایک ڈی جی خان پی ایچ اے کے حوالے کی گئی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ فرید گیٹ بہاولپور میں ریل بوگی ریسٹورنٹ پہلے سے فعال ہے جبکہ اب ملتان میں بھی ریل بوگی ریسٹورنٹ قائم کر دیا گیا ہے، ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کا مقصد شہریوں کو تفریح کے لئے خوبصورت سپاٹ فراہم کرنا ہے تاکہ شہری اپنی فیملیز کے ہمراہ  چائے، کافی اور کھانے انجوائے کر سکیں، ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کی تزئین و آرائش کنٹریکٹر نے کی ہے اور پی ایچ اے کا کوئی پیسہ اس پراجیکٹ پر  خرچ نہیں ہوا بلکہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کی لیز سے  پی ایچ اے کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطےکی تعمیرو ترقی کے ساتھ ساتھ عوام کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کےلئے بھی اپنا کردار ادا کررہا ہے۔اس حوالے سے بہاولپور میں  کشتی رانی کے مقابلے اور ملتان میں کلچرل اینڈ لٹریری فیسٹیول کا انعقاد اس کی واضح مثالیں ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف روف خان نے اپنے خطاب میں  بتایا کہ ٹرین بوگی ریسٹورنٹ  بی او ٹی کی بنیاد پر پانچ سالہ لیز پر دیا گیا ہے اور پی ایچ اے اس کا ماہانہ 1لاکھ 70 ہزار روپے کرایہ وصول کرے گا جبکہ کرائے کی مد میں ہر سال دس فیصد اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے ٹرین بوگی ریسٹورنٹ کے قیام کے لئے جگہ کا انتخاب جلد کر لیا جائے گا۔