ملتان کے ہوائی اڈے سے حج آپریشن کا آغاز،چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عازمین کو ائیر پورٹ سے روانہ کیا

31

ملتان، 09 مئی (اے پی پی ):  ملتان کے ہوائی اڈے سے حج آپریشن کا آغاز،چئیرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عازمین کو ائیر پورٹ سے روانہ کیا۔  پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 0712 سے 149 عازمین حج جمعرات کے روز حجاز مقدس کیلئے روانہ ہوئے۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے عازمین کو ملتان ایئرپورٹ سے روانہ کیا۔

 اس موقع پر عازمین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی  کا کہنا تھا کہ خطے میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قیام کے بعد گزشتہ نو سال سے جنوبی پنجاب بھر سے ہر سال ہزاروں عازمین یہاں سے رخصت ہورہے ہیں۔ انہوں  نے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر بن کر حجاز مقدس جا رہے ہیں اور وہاں پہنچ کر ڈسپلن کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کریں۔

 چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس سال 13 ہزار سے زائد عازمین ملتان ایئرپورٹ سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہورہے ہیں اور اس سلسلے میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، ایف آئی اے، سول ایوی ایشن اتھارٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کی محنت اور کاوشیں لائق تحسین ہیں۔انہوں  نے مزید کہا کہ ہماری پولیس،تمام فورسز اور باالخصوص فوج کے جوان ہماری حفاظت کےلئے دن رات دہشت گردوں سے نبرد آزما ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے عوامی اور ملکی مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ہمیں انکو بھی دعاؤں میں یاد رکھنا چاہیے ۔

فلسطین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں کے نہتے عوام اور معصوم بچوں پر ہونے والے ظلم کی کہیں مثال نہیں ملتی۔

جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عازمین نے اے پی پی سے بات کرتے ہوئے گذشتہ برس کی نسبت اس سال حج کےلئے کئے گئے انتظامات اور اقدامات کی تعریف کی ۔اس موقع پر ڈائریکٹر حج ریحان کھوکھر نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ فریضہ  حج ادا کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا  نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 26 فلائٹس کے زریعے عازمین حج کو جدہ اور مدینہ منورہ پہنچایا جائیگا۔ حج آپریشن 8 جون تک جاری رہے گا۔